Pages Menu
TwitterRssFacebook
Categories Menu

Posted in Amaan Ramazan News, News | 0 comments

جیو کا امان رمضان، ایمن کی سرجری کیلئے لاکھوں کے عطیات جمع August 8, 2013

کراچی(اسٹاف رپورٹر) رمضان المبارک کے اٹھائیسویں روز جیو کی براہ راست خصوصی نشریات ”امان رمضان“ میں اُس وقت ایک پُرمسرت اور رقت آمیز فضاقائم ہوگئی جب ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی اپیل پر چشم زدن میں چہرے کے نقص میں مبتلاایمن کی سرجری کیلئے درکار چارلاکھ روپے جمع ہوگئے، جس پر میزبان نے اُن تمام نیک دل افراد کا شکریہ اداکیا جنہوں نے اس کارخیر میں بڑھ چڑھ کر اُن کا ساتھ دیا۔معصوم بچی کی سرجری کیلئے میزبان کی اپیل پرحاضرین میں موجود مخیرحضرات اور ناظرین کی جانب سے ٹیلی فون کالز کاتانتا بندھ گیااور چندلمحوں میں مطلوبہ رقم کاانتظام ہوگیاجس پر بچی کے والدین اور میزبان نے مخیر حضرات کا شکریہ ادا کیاجبکہ راہ نیکی میں معذور مگر خوددار نوجوان فرہاد اقبال کے باوقارروزگار کیلئے محمودہ سلطانہ فاوٴنڈیشن کی جانب سے سامانِ فروخت کیلئے مختلف اشیاء سے لدا ٹھیلا اسکے حوالے کیاگیا۔جیو کی خصوصی نشریات ”امان رمضان“ اب اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے لیکن شہرامان میں لوگوں کی دلچسپی بدستورقائم ہے، میڈیاکی تاریخ کی کامیاب ترین نشریات کے اٹھائیسویں روزتمام تر مصروفیات اورعیدکی خریداری کے لمحات کوپس پشت ڈال کرلوگوں کی ایک کثیر تعدادنے اپنے پسندیدہ ترین میزبان کے ساتھ زندگی کے قیمتی لمحات گزارنے کیلئے شہرامان کارخ کیا۔ تاریخ ساز نشریات میں عام ڈگر سے ہٹ کر معاشرے کے درخشاں کرداروں سے ناظرین کو متعارف کرانے کی منفردروایت آج بھی جاری رہیں اورنشریات کے اٹھائیسویں روز ملک کے مستقبل کے معماروں کوعلم کے زیورسے آراستہ کرنے والے اساتذہ کرام ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے خاص مہمان بنے۔ان قابل قدر اساتذہ میں اسلامیہ سائنس کالج کے سابق پرنسپل ہارون بشیر،جامعہ کراچی میں شعبہٴ اردوکی اسسٹنٹ پروفیسر راحت افشاں،بزنس اینڈ اسلامک ایجوکیشن کی لیکچرار عائشہ فاروقی اوردیگر اساتذہ نے شرکت کی اور میزبان سے گفتگو کے دوران بتایاکہ اگرچہ تعلیمی معیار ماضی کے مقابلے میں پست ہواہے تاہم نئی نسل میں سیکھنے کی جستجو بہت ہے اوراگران کو مناسب مواقع میسر آئیں تو ملک وقوم کانام دنیا بھر میں روشن کرسکتے ہیں۔اس موقع پرڈاکٹر عافیہ صدیقی کے ننھے فین فہد نے بھی میزبان سے گفتگو کی اور ملک وقوم کی قابل فخربیٹی کوانصاف دلانے کیلئے اپنی معصوم خواہشات سے ناظرین کوآگاہ کیا۔آج کی نشریات کی ایک اورخاص بات شہرامان میں دنیاکے سب سے طویل القامت شخص نصیرسومروکی شرکت تھی جن سے میزبان کی پرلطف گفتگو سے حاضرین کافی محظوظ ہوئے۔ رمضان المبارک کے آخری ایام میں چاندرات اور عیدالفطرکی مناسبت سے شہر امان میں مہندی کے اسٹالز سج گئے ہیں جہاں معصوم بچیاں ایک دوسرے کے ہاتھوں پر حناکے خوبصورت نقش بنانے میں مصروف ہیں ۔ نشریات کے آغاز میں ڈاکٹرعامر لیاقت حسین نے معروف اسکالراور ممتاز عالم دین علامہ شاہ احمد نورانی صدیقی مرحوم کی ہمشیرہ ڈاکٹر فریدہ احمد کے انتقال پر دلی رنج وغم کااظہار کرتے ہوئے مرحومہ کیلئے دعائے مغفرت کی اور اُنکے پس ماندگان سے دلی تعزیت کااظہار کیا۔ علاوہ ازیں جیو کے شہرہٴ آفاق ”عالم اورعالم“ میں علامہ سید حمزہ علی قادری،قاری منصور احمد ،پروفیسر یونس صدیقی اور ڈاکٹر فضل احمد نے شرکت کی اور ناظرین وحاضرین کے سوالات کے جوابات دیئے جبکہ سب کے پسندیدہ قرآنی لوح اورقرعہ اندازی میں موٹرسائیکلزسمیت ڈھیروں بیش قیمت انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔

Post a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *